شمالی کوریا نے فوجی پریڈ میں جدید ترین ہواسونگ-20 بین البراعظمی بیلسٹک میزائل پیش کردیا، پریڈ کی نگرانی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کی، جس میں ملک کے میزائل کی نمائش بین الاقوامی مہمانوں کے سامنے کی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے رپورٹ کیا کہ یہ پریڈ گزشتہ رات شروع ہوئی جو حکمران ورکرز پارٹی کی بنیاد کے 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی۔
چینی وزیراعظم لی چیانگ، روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف، اور ویتنام کی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ تو لام کو کم جونگ اُن کے ساتھ پریڈ میں دیکھا گیا، جبکہ دیگر غیر ملکی معززین بھی موجود تھے۔
فوجی پریڈ میں جوہری طاقت کے حامل شمالی کوریا نے اپنا جدید ترین ’ہواسونگ-20‘ بین البراعظمی بیلسٹک میزائل پیش کیا، جسے ملک کا ’سب سے طاقتور نیوکلیئر اسٹریٹجک ویپن سسٹم‘ قرار دیا جا رہا ہے۔
ہواسونگ سیریز کے آئی سی بی ایمز نے شمالی کوریا کو امریکا میں کہیں بھی نشانہ بنانے کی صلاحیت فراہم کی ہے، تاہم اس کے ہدف تک پہنچنے کے لیے رہنمائی کے نظام کی مہارت اور وار ہیڈ کی فضا میں دوبارہ داخل ہونے کی صلاحیت پر سوالات باقی ہیں۔ کوریا انسٹی ٹیوٹ برائے نیشنل یونیفکیشن کے ماہر ہونگ من کے مطابق دیگر ہتھیاروں میں ہائپرسونک بیلسٹک میزائل، کروز میزائل، ایک نیا قسم کا کثیر راکٹ لانچر اور خودکش ڈرون لانچر کو بھی پریڈ میں پیش کیا گیا۔






