شاہی القابات برقرار رکھنے کی کوشش، میگھن مارکل کی ممکنہ یوکے واپسی

اسلام آباد : تقریباً چار سال بعد ڈچس آف سسیکس میگھن مارکل کی برطانیہ واپسی متوقع ہے، تاہم غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ان کے لیے خوشی کے بجائے جذباتی اور عملی مشکلات کا باعث بن رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میگھن کی آئندہ آمد شہزادہ ہیری کے انویکٹس گیمز 2027 کی تیاریوں سے جڑی ایک تقریب کے سلسلے میں ہو سکتی ہے، جو برمنگھم میں منعقد کی جائے گی۔

لندن ایوننگ اسٹینڈرڈ کے مطابق میگھن مارکل رواں سال موسمِ گرما میں برطانیہ کا دورہ کر سکتی ہیں، جو 2022 میں ملکہ الزبتھ دوم کے جنازے کے بعد ان کی پہلی واپسی ہوگی۔ اسٹار میگزین سے بات کرتے ہوئے ایک ذریعے نے بتایا کہ یہ فیصلہ میگھن کے لیے نہایت مشکل ہے اور صورتحال ایسی ہے کہ ان کے پاس زیادہ آپشنز موجود نہیں تھے۔

ذرائع کے مطابق شاہی القابات اور حیثیت برقرار رکھنے کی خواہش بھی اس فیصلے میں شامل عوامل میں سے ایک ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل اپنے بچوں پرنس آرچی اور پرنسس لیلیبٹ کو بھی اس دورے میں ساتھ لانے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ شہزادہ ہیری چاہتے ہیں کہ بادشاہ چارلس سوم اپنے پوتے پوتیوں سے وقت گزاریں۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اس دورے کو شاہی خاندان کے ساتھ تعلقات میں بتدریج بہتری کی ایک کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں، تاہم شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کے ساتھ مفاہمت کو تاحال مشکل قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ میگھن کے ساتھ برطانیہ میں کس طرح کا رویہ اختیار کیا جاتا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top