نیوزی لینڈ کا بڑا وار! ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست

ویلنگٹن میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ یہ کامیابی نہ صرف میزبان ٹیم کے بولرز کی نپی تُلی لائن و لینتھ کا نتیجہ تھی بلکہ نیو زی لینڈ بیٹرز کی پرسکون اور ذمہ دارانہ بیٹنگ نے بھی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کا آغاز نیوزی لینڈ کے ٹاس جیتنے اور فیلڈنگ کے فیصلے سے ہوا، جو درست ثابت ہوا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 205 رنز ہی بنا سکی۔ شائے ہوپ 47 اور جان کیمپبیل 44 رنز کے ساتھ مزاحمت کی آخری جھلک دکھانے والے کھلاڑی رہے۔ نیوزی لینڈ کے بلیئر ٹکنر نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مائیکل رائے نے 3 شکار کیے۔ جیکب ڈفی اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ لی۔

جواب میں نیوزی لینڈ نے 278 رنز 9 وکٹوں پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ مچل ہے 61 اور ڈیوون کونوے 60 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اینڈرسن فلِپ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، کیمار روچ نے 2 جبکہ جیڈن سیلز، اوجے شیلڈز، جسٹن گریوز اور روسٹن چیز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جیکب ڈفی نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا

دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم صرف 128 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ جیکب ڈفی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مائیکل رائے نے 3 جب کہ زیک فولکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

نیوزی لینڈ کو فتح کے لیے 56 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ کپتان ٹام لیتھم 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ ڈیوون کونوے 28 اور کین ولیمسن 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس فتح کے بعد تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-1 کی برتری مل گئی ہے۔ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 18 دسمبر سے ماؤنٹ مونگانوئی میں شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے اور موجودہ سائیکل میں نیوزی لینڈ کی یہ پہلی کامیابی ہے۔

مزید پڑھیں: کھیل کی تازہ ترین خبریں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top