اتحادِ بین المسلمین وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

راولپنڈی : وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر اور چوہدری ریاض نے کہا ہے کہ اہلِ بیتؓ کی تکریم ہر مسلمان پر فرض ہے، حضرت امام علی رضی اللہ عنہ اور ان کے خاندان کی اسلام کی آبیاری کے لیے خدمات لازوال ہیں اور ان کی قربانیاں قیامت تک زندہ جاوید رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام علی رضی اللہ عنہ کی طرزِ زندگی، سیرت اور اقوال پر عمل کر کے امتِ مسلمہ ریکارڈ ترقی حاصل کر سکتی ہے اور اپنی عظمتِ رفتہ بحال کر سکتی ہے۔ موجودہ حالات میں اتحادِ بین المسلمین وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے راجہ کامران حسین کی رہائش گاہ پر منعقدہ جشنِ مولودِ کعبہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں جشنِ ولادت حضرت امام علی رضی اللہ عنہ عقیدت و احترام سے منایا گیا، اس موقع پر امام بارگاہوں میں چراغاں کیا گیا اور خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

جشنِ ولادت پر محافل اور منقبت خوانی کا اہتمام

حضرت امام علی رضی اللہ عنہ کے جشنِ ولادت کے موقع پر محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا، جہاں منقبت خوانوں نے اپنے اپنے انداز میں حضرت امام علی رضی اللہ عنہ کی شان میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔

تقریب میں شرکاء کے لیے سبیل اور لنگر کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر راجہ کامران حسین نے کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما عامر پراچہ اور ندیم اصغر کائرہ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر راجہ حمید حسنین، راجہ مختار، راجہ عدیل حسین، راجہ عرفان حیدر، چوہدری ریاض، عامر فدا پراچہ، ندیم اصغر کائرہ، چوہدری فخر زمان، ڈاکٹر ارشاد کمبو، ڈاکٹر اشفاق، راجہ عامر کریم، چوہدری اسد پرویز، خان ناصر خان، ملک وسیم کرامت، شیخ شہزاد، سید نوید شاہ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top