اسلام آباد (سی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے جبر، تشدد اور ریاستی مظالم کشمیریوں کے عزم، حوصلے اور جدوجہد کو کمزور کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ایک تسلیم شدہ عالمی اصول ہے، جس سے انہیں طاقت کے زور پر محروم نہیں کیا جا سکتا، اور پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 5 جنوری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کمیشن برائے پاکستان و بھارت نے ایک تاریخی قرارداد منظور کی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس قرارداد کے تحت ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ آزادانہ، شفاف اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے ذریعے ہونا تھا، تاہم بھارت کے غیر قانونی قبضے اور ہٹ دھرمی کے باعث آج تک اس وعدے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ آٹھ دہائیوں سے بھارتی قابض افواج کے مظالم، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور سیاسی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، مگر اس کے باوجود ان کی جدوجہد آزادی میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے جابرانہ اور غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔








