پنجاب حکومت اور علما کرام میں بڑا بریک تھرو، مدارس کی رجسٹریشن پر اتفاق

لاہور (سی این پی) پنجاب حکومت، علما کرام اور اتحاد تنظیمات مدارس کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن کے معاملے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ چار ماہ تک جاری رہنے والے مسلسل مذاکرات کے بعد تمام فریقین مدارس کی رجسٹریشن کے طریقہ کار پر متفق ہو گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق علما کرام اور اتحاد تنظیمات مدارس کے تمام تحفظات دور کر دیے گئے ہیں، جبکہ صوبے بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کا عمل 3 فروری سے باضابطہ طور پر شروع ہو جائے گا۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے مدارس کی رجسٹریشن کے لیے ایک جامع آن لائن فارم تیار کر لیا ہے، جس کے ذریعے مدارس کو رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

آن لائن فارم علما کرام، اتحاد تنظیمات مدارس، محکمہ تعلیم، محکمہ انڈسٹریز، پنجاب چیریٹی کمیشن اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، تاکہ رجسٹریشن کا عمل شفاف اور آسان بنایا جا سکے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق تمام مدارس آن لائن ڈیٹا فراہم کریں گے اور کسی مدرسے کو کسی دفتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ آن لائن فارم کے ذریعے تمام مدارس پنجاب چیریٹی کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں گے، جبکہ مدارس کے آئی ٹی عملے کی تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top