اسلام آباد میں جدید ذبح خانے اور چِلنگ رومز کے قیام کی منظوری

اسلام آباد (سی این پی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبے سے متعلق اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی ریسورس شکیل احمد، ڈی جی ورکس، کنسلٹنٹس سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبے میں ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد سلاٹر ہاؤس منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت تعمیر کیا جائے گا، جس میں جدید اور سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت ذبح خانے اور چِلنگ رومز جدید خطوط پر استوار ہوں گے اور تمام سہولیات سروسنگ ماڈل کے تحت دستیاب ہوں گی۔ کمرشل ایریا اور جانوروں کی تجارت کے لیے علیحدہ ایریا بھی مختص کیا گیا ہے۔

اجلاس میں سلاٹر ہاؤس کے فنانشل ماڈل پر بھی غور کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ منصوبے کا ڈیزائن اور ماڈل سی ڈی اے بورڈ اور میٹ بورڈ کے سامنے پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں کے شہریوں کی گوشت کی ضروریات کے ساتھ عالمی مارکیٹس میں گوشت برآمد کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور منصوبے کے کامیاب نفاذ سے عوام کو جدید، صاف اور معیاری سہولیات میسر ہوں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top