پروآ میں سابق ضلعی نائب ناظم ڈی آئی خان اسماعیل خان بلوچ اور چیئرمین نیبرہڈ کونسل پروآ ملک ارشد نوید نے گزشتہ روز سینیئر صحافی اور سماجی کارکن ناصر خان لودھی کی عیادت کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے عدن فاسٹ فوڈ پر ان سے ملاقات کی، جبکہ نذیر احمد ماچھی بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران اسماعیل خان بلوچ اور ملک ارشد نوید نے ناصر خان لودھی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ناصر خان لودھی نے مقامی صحافت میں ہمیشہ ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور پروآ کے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی تعمیر و ترقی میں مثبت اور ذمہ دار صحافت کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ ناصر خان لودھی جیسے باصلاحیت اور راست گو صحافی معاشرے کے لیے باعثِ فخر ہیں، اور دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دیں۔
ناصر خان لودھی نے عیادت پر آنے والے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر میں دوستوں، ساتھیوں اور عوام کی حوصلہ افزائی ہی اصل طاقت اور حوصلہ ہے۔









