(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے نئے سال کے موقع پر نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتی شہریوں کے لیے تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتی فیصلے کے مطابق نجی شعبے میں ملازمت کرنے والے اماراتی شہریوں کی کم از کم تنخواہ یکم جنوری 2026 سے 6 ہزار درہم مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل 5 ہزار درہم تھی۔
وزارتِ انسانی وسائل و اماراتائزیشن کے مطابق نئے قوانین کا اطلاق ورک پرمٹ کے اجرا، تجدید اور ترمیم کے تمام مراحل پر ہوگا۔ وزارت نے بتایا کہ اس فیصلے سے متعلق آجرین کو اسمارٹ ایپلیکیشن اور دیگر سرکاری سروس چینلز کے ذریعے خودکار پیغامات بھی بھیجے جائیں گے تاکہ بروقت عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ یکم جنوری 2026 کے بعد اگر کسی اماراتی ملازم کی تنخواہ 6 ہزار درہم سے کم رہی تو اس کے لیے ورک پرمٹ کے اجرا، تجدید یا ترمیم کی کوئی درخواست قبول یا پروسیس نہیں کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نجی شعبے میں اماراتی شہریوں کے معاشی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر 30 جون 2026 تک تنخواہوں میں مقررہ اضافہ نہ کیا گیا تو یکم جولائی 2026 سے متعلقہ آجرین کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ وزارت کے مطابق یہ فیصلہ اماراتائزیشن پالیسی کے تحت نجی شعبے میں مقامی افرادی قوت کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔








