واشنگٹن (سی این پی) — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وینزویلا نے اگر امریکی مطالبات پورے نہ کیے تو امریکا دوبارہ حملہ کر سکتا ہے۔ ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ امریکا کو وینزویلا میں تیل اور دیگر وسائل تک مکمل رسائی حاصل ہونی چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا میں اقتدار سنبھالنے والی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز اور خطے کے دیگر ملکوں کو بھی دھمکیاں دیں اور کہا کہ اگر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی مطالبات نہیں مانے تو انہیں مادورو سے زیادہ بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ وینزویلا ممکنہ طور پر امریکی مداخلت کا آخری ملک نہیں ہوگا اور امریکا کو گرین لینڈ کی اہمیت کے پیش نظر وہاں بھی اثر قائم رکھنا ہوگا، کیونکہ یہ علاقہ چینی اور روسی جہازوں سے گھرا ہوا ہے۔
صدر نے کیوبا کے حوالے سے بھی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ کیوبا کی حکومت جلد اپنی پوزیشن کھو سکتی ہے اور شاید فوجی مداخلت کی ضرورت نہ پڑے کیونکہ کیوبا کی آمدنی وینزویلا سے آتی تھی اور اب وہ ذرائع بھی ختم ہو جائیں گے۔ صدر ٹرمپ کے بیان نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا کی اس پالیسی سے لاطینی امریکا میں سیاسی اور اقتصادی تناؤ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔








