اسلام آباد: سال 2025 کی پانچویں اور آخری قومی انسدادِ پولیو مہم کا ملک بھر میں باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق اس مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق صوبہ پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سندھ میں یہ ہدف 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد بچوں پر مشتمل ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو اس قومی مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے دیے جائیں گے۔
یہ قومی انسدادِ پولیو مہم 21 دسمبر تک جاری رہے گی۔ حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اس مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ملک کو پولیو فری بنانے کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔









