واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ جلد سعودی عرب کو اہم نان نیٹو اتحادی (Major Non-NATO Ally) کا درجہ دے گا۔ انہوں نے یہ اعلان وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے دوران کیا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ فیصلہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو نئی سطح پر لے جائے گا اور امریکا-سعودی دفاعی شراکت مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعلان انہوں نے پہلی مرتبہ اسی تقریب میں اس لیے کیا کیونکہ وہ اسے سرپرائز رکھنا چاہتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: زہران ممدانی: نیویارک کی سیاست میں نئی صبح
سعودی ولی عہد نے گرمجوش استقبال پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کی شراکت داری نو دہائیوں پر محیط ہے، جو شاہ عبدالعزیز اور امریکی صدر روز ویلٹ کی ملاقات سے شروع ہوئی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی اہم سالگرہ کے قریب ہیں، جو دو طرفہ تاریخی تعلقات کی مضبوطی کو ظاہر کرتی ہیں۔
ولی عہد کے مطابق امریکا اور سعودی عرب کا تعاون اب جدید معاشی اور تکنیکی شعبوں تک پھیل رہا ہے، اور نئے معاہدے مستقبل میں تعلقات کو مزید گہرا بنائیں گے۔ صدر ٹرمپ نے بھی ولی عہد کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دورے کے دوران سول جوہری توانائی، نایاب معدنیات اور مصنوعی ذہانت کے اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں، جن میں بڑی سرمایہ کاری شامل ہے۔









