ایشیائی ترقیاتی بینک

پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے منصوبوں پر دستخط

حکومت پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان 304.5 ملین ڈالر کے دو اہم منصوبوں پر دستخط ہو گئے۔ منصوبوں کا بنیادی مقصد کلائمیٹ ریزیلینس یعنی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی استعداد کو فروغ دینا ہے۔

ترجمان وزارت اقتصادی امور کے مطابق سندھ کوسٹل ریزیلینس سیکٹر پراجیکٹ کے لیے 180.5 ملین ڈالر اور پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ اور زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ کے لیے 124 ملین ڈالر پر معاہدے کیے گئے۔ معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایمافان نے دستخط کیے۔

سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے نمائندوں نے بھی متعلقہ صوبائی حکومت کی جانب سے معاہدوں پر دستخط کیے۔ سیکرٹری اقتصادی امور کے مطابق سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ کے لیے اے ڈی بی 140 ملین ڈالر قرض اور 0.5 ملین ڈالر تکنیکی گرانٹ فراہم کرے گا۔

سندھ منصوبے سے ٹھٹہ، سجاول اور بدین کے اضلاع براہ راست مستفید ہوں گے، جبکہ پراجیکٹ کا مقصد ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی خطرات سے نمٹنا اور مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

پنجاب منصوبے اور چھوٹے کاشتکاروں کی سہولتیں

سیکرٹری اقتصادی امور کے مطابق پنجاب کلائمیٹ ریزیلینٹ پراجیکٹ صوبے کے 30 اضلاع میں زرعی پیداوار اور ماحولیاتی لچک کو فروغ دے گا۔ اے ڈی بی اس منصوبے کے لیے 120 ملین ڈالر قرض اور 4 ملین ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا، جبکہ پنجاب حکومت 5 ملین ڈالر کی معاونت کرے گی۔

منصوبے کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کو کلائمیٹ اسمارٹ زرعی مشینری تک بہتر رسائی فراہم کی جائے گی، تاکہ جدید زرعی طریقے اختیار کر کے پیداوار بڑھائی جا سکے۔

کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے کہا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس پراجیکٹ ساحلی علاقوں میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے اور آبادی کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب زرعی میکانائزیشن پراجیکٹ زراعت کی جدید کاری اور اخراج میں کمی کے لیے اہم قدم ہے، جس سے ماحولیات پر مثبت اثر پڑے گا اور زرعی شعبے کی استعداد بڑھے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top