برازیل کی ریاست پارانا ایک ہولناک قدرتی آفت کی زد میں آگئی، جہاں شدید بگولے اور 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے ریوبونیٹو نامی شہر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ تباہی کے اس طوفان میں کم از کم 6 افراد جاں بحق اور 750 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تیز ہواؤں نے گھروں کی چھتیں اُڑا دیں، بجلی کے کھمبے جڑ سے اکھڑ گئے اور عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔ کئی پٹرول پمپس اور دکانیں بھی متاثر ہوئیں، جبکہ پورے علاقے کا مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا۔
فضائی مناظر میں شہر کا منظر کسی ملبے کے میدان سے کم نہیں لگتا۔ امدادی ٹیمیں مسلسل ملبے سے لاشیں اور زندہ افراد نکالنے میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرین کے لیے قریبی علاقوں میں عارضی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں۔









