لندن: برطانیہ کے پرنس اینڈریو نے ’’ڈیوک آف یارک‘‘ کا شاہی لقب چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق 65 سالہ شہزادہ اینڈریونے اپنے بیان میں کہا کہ میں اب مزید اپنا شاہی لقب یا وہ اعزازات استعمال نہیں کروں گا جو مجھے دیئے گئے تھے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ بادشاہ چارلس سوم سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ پرنس اینڈریو نے بیان میں کہا کہ وہ اب بھی پرنس کے طور پر جانے جائیں گے لیکن وہ آئندہ اپنے شاہی خطابات استعمال نہیں کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی والدہ آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے دیا گیا لقب ’’ڈیوک آف یارک‘‘ بھی واپس کر دیا گیا ہے۔ شہزادہ اینڈریو نے ایک مرتبہ پھر تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف جاری الزامات بادشاہ اور شاہی خاندان کے کاموں سے توجہ ہٹاتے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ اینڈریو “آرڈر آف دی گارٹر” کی رکنیت سے بھی دستبردار ہو جائیں گے جو برطانیہ کا سب سے اعلیٰ اعزاز ہے اور 1348ء سے چلا آ رہا ہے۔ان کی سابق اہلیہ سارہ فرگوسن بھی اب “ڈچس آف یارک” کا لقب استعمال نہیں کر سکیں گی تاہم ان کی بیٹیاں شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی بدستور شاہی اعزازات کی حامل رہیں گی۔یاد رہے کہ شہزادہ اینڈریو پر جنسی جرائم میں ملوث جیفری ایپسٹین سے تعلقات پر طویل عرصے سے تنقید جاری تھی تاہم شہزادہ اینڈریو نے ان الزامات کی ایک بار پھر سختی سے تردید کی ہے۔








