چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا

اسلام آباد: ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے تمام بلڈنگز کا سروے

اسلام آباد (سی این پی) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے وفاقی دارالحکومت کے تمام رہائشی اور کمرشل پراپرٹیز میں آگ بجھانے اور ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے کئے گئے اقدامات کا جامع سروے کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس سلسلے میں سی ڈی اے نے تمام نجی و پبلک رہائشی اور کمرشل عمارات کے مالکان کو نوٹسز جاری کئے ہیں اور ان کی انسپیکشن کا عمل بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ آگ لگنے یا شارٹ سرکٹ کی صورت میں فوری اور مؤثر ایمرجنسی انتظامات ناگزیر ہیں۔ ہر عمارت میں ایمرجنسی ایگزیکٹ کو یقینی بنایا جائے۔ نجی عمارات میں یہ انتظامات مالکان ایمرجنسی ایگزیکٹ کنسلٹنٹ کے ذریعے کریں جبکہ پبلک بلڈنگز میں ایمرجنسی ایگزیکٹ سی ڈی اے کی مشاورت سے بنائے جائیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام نجی اور پبلک بلڈنگز کا سروے مکمل کر کے ایک ماہ کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ حساس عمارتوں کی ایلویشن اور اضافی حفاظتی اقدامات بھی جلد مکمل کئے جائیں گے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے، خاص طور پر آگ لگنے کی صورت میں جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

سروے ٹیمیں تشکیل، فوری کارروائی

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ یہ ٹیمیں فوری طور پر حساس عمارتوں کا سروے مکمل کریں گی اور اپنی رپورٹ متعلقہ افسران کو پیش کریں گی۔ سی ڈی اے اس عمل کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں بروقت اور مؤثر اقدامات ممکن ہو سکیں۔

محمد علی رندھاوا نے عوام اور عمارت مالکان سے اپیل کی کہ وہ ایمرجنسی انتظامات میں مکمل تعاون کریں اور سی ڈی اے کی ہدایات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کے رہائشیوں اور کمرشل علاقوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اور کسی بھی حادثے کی صورت میں نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top