بلیک ہول پراسرار خوراکی نظام

بلیک ہول کے گرد موجود پراسرار خوراکی نظام بے نقاب

ناسا کے جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے پہلی بار ایک قریبی سپر ماسِو بلیک ہول کے گرد موجود گرد و غبار کے نظام کو انتہائی وضاحت کے ساتھ نقشہ بند کر دیا ہے۔ نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بلیک ہول کے گرد موجود تقریباً سارا گرم گرد و غبار ایک گنجان دائرہ نما حلقے میں مرتکز ہے جو براہِ راست بلیک ہول کو خوراک فراہم کرتا ہے، جبکہ باہر کی جانب نکلنے والا مادہ نہ ہونے کے برابر ہے۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق یہ تحقیق Circinus galaxy پر مرکوز ہے جو زمین سے تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے۔ ویب ٹیلی اسکوپ کی غیر معمولی صلاحیت کی بدولت سائنسدان کہکشاں کے مرکز کے نہایت باریک حصوں کو بھی الگ الگ دیکھنے میں کامیاب ہوئے۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ بلیک ہول کے گرد موجود گرد و غبار کا ایک گھنا حلقہ، جسے ٹورس (Torus) کہا جاتا ہے، بلیک ہول کو مادہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس توانائی کی سمت بھی متعین کرتا ہے جو کہکشاں میں خارج ہوتی ہے۔

حیران کن طور پر نئی مشاہدات نے دہائیوں پرانے نظریات کو چیلنج کر دیا ہے۔ ماضی میں یہ سمجھا جاتا تھا کہ گرم مادے کے اخراج سے پیدا ہونے والی لہریں انفرا ریڈ روشنی کا بڑا ذریعہ ہیں، مگر ویب کے ڈیٹا کے مطابق 87 فیصد چمکتا ہوا گرد و غبار اسی خوراکی حلقے میں موجود ہے۔ جبکہ بلیک ہول سے باہر نکلنے والا مادہ محض ایک فیصد سے بھی کم ہے، جسے سائنسدان علامتی طور پر “ایگزاسٹ” قرار دے رہے ہیں۔

بلیک ہول کی تحقیق میں تاریخی پیش رفت

یہ تحقیق جریدہ Nature میں شائع ہوئی ہے۔ تحقیق کے مرکزی مصنف اینریک لوپیز روڈریگز کے مطابق 1990 کی دہائی سے سائنسدان گرم گرد و غبار سے نکلنے والی اضافی انفرا ریڈ شعاعوں کی وضاحت کرنے میں ناکام رہے تھے، مگر ویب ٹیلی اسکوپ نے یہ معمہ حل کر دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویب کے خصوصی آلے Aperture Masking Interferometer کے ذریعے بلیک ہول کے خوراکی ڈسک اور اس کے اخراج کو الگ الگ شناخت کیا گیا، جو اس سے قبل ممکن نہ تھا۔

واضح رہے کہ بلیک ہول وہ کائناتی اجسام ہیں جن کی کششِ ثقل اتنی شدید ہوتی ہے کہ روشنی بھی باہر نہیں نکل سکتی۔ 2019 میں پہلی بار Event Horizon Telescope نے ایک بلیک ہول کی تصویر جاری کی تھی، جس میں اس کے گرد موجود روشن مادہ دکھایا گیا تھا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top