بنگلادیش میں 5.7 شدت کا زلزلہ

بنگلادیش میں 5.7 شدت کا زلزلہ: 5 ہلاک، 100 زخمی، امدادی کارروائیاں جاری

بنگلادیش میں جمعہ کی صبح 5.7 شدت کے زلزلے نے خوف و ہراس پھیلا دیا اور تباہی کے مناظر سامنے آئے۔ زلزلے کے جھٹکے تقریباً 26 سیکنڈ تک محسوس کیے گئے، جس کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ بنگلا دیشی محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز ڈھاکا کے قریب نرسنگدی شہر تھا اور اس کی گہرائی تقریباً 10 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے بھارت کے کولکتا اور شمال مشرقی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق اس زلزلے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 100 زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں ڈھاکا یونیورسٹی کے طلبہ، گازی پور کے فیکٹری ورکرز اور نرسنگدی کے رہائشی شامل ہیں۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق کچھ افراد زیر تعمیر عمارتوں سے گرتی اینٹوں اور سیمنٹ کے ٹکڑوں کی زد میں آکر زخمی ہوئے۔ کئی عمارتیں زلزلے سے شدید متاثر ہوئیں اور کچھ کو جزوی نقصان پہنچا۔

ڈھاکا کے ایک رہائشی نے بتایا کہ وہ دفتر میں تھے جب فرنیچر ہلنے لگا اور زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ فوراً نیچے بھاگنے کے بعد انہوں نے دیکھا کہ لوگ پہلے ہی سڑکوں پر موجود تھے، جس سے خوف اور پریشانی میں اضافہ ہوا۔

بنگلا دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں پر گہرے صدمے اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری ہدایات جاری کیں اور امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ حکومت نے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں پر مسلسل نگرانی رکھے ہوئے ہیں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top