بنگلہ دیشی پاسپورٹ

بنگلہ دیش کی پاسپورٹ رینکنگ میں بہتری، پاکستان اور افغانستان پیچھے رہ گئے

ڈھاکا (ویب ڈیسک) جنوبی ایشیا کے ممالک میں پاسپورٹ کی عالمی حیثیت کے حوالے سے بنگلہ دیش نے واضح بہتری دکھائی ہے، جہاں ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2026 میں بنگلہ دیش پانچ درجے ترقی کے بعد 95ویں نمبر پر پہنچہا ہے۔ اس کے برعکس بھارت 80ویں، پاکستان 98ویں جبکہ افغانستان بدستور عالمی درجہ بندی میں آخری نمبر پر موجود ہے، جس سے خطے میں سفری آزادی کے فرق کا واضح اندازہ ہوتا ہے۔

ہینلے رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیشی پاسپورٹ ہولڈرز کو اب دنیا کے 37 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول رسائی حاصل ہو گئی ہے، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ یہ بہتری عالمی سطح پر بنگلہ دیش کی سفارتی سرگرمیوں اور دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا نتیجہ سمجھی جا رہی ہے۔

ویزافری ممالک میں بارباڈوس، فجی، جمیکا، نیپال اور بہاماس شامل ہیں، جبکہ بھوٹان، مالدیپ، کمبوڈیا، سری لنکا اور کینیا جیسے ممالک بنگلہ دیشی شہریوں کو ویزا آن ارائیول یا ای ٹی اے سہولت فراہم کر رہے ہیں، جس سے سیاحت اور کاروباری سفر میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ بنگلہ دیش کی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے، تاہم خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں سفری آزادی کا فرق اب بھی نمایاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت 55 ممالک تک رسائی کے ساتھ 80ویں نمبر پر ہے، جبکہ پاکستان 31 ممالک کے ساتھ 98ویں نمبر پر موجود ہے۔

جنوبی ایشیا میں پاسپورٹ رینکنگ کا فرق

ہینلے انڈیکس کے مطابق افغانستان دنیا کا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا ہے، جس کے شہری صرف 24 ممالک میں ویزا فری یا آسان سفری سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ کی طاقت کا براہ راست تعلق سیاسی استحکام، سفارتی تعلقات اور عالمی اعتماد سے ہوتا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top