بگ بیش کرکٹ لیگ کے تازہ مقابلے میں پرتھ سکارچرز نے سڈنی تھنڈر کو شاندار کھیل کے بعد 71 رنز سے شکست دے دی۔ میچ پی ٹی وی سپورٹس ایچ ڈی پر براہ راست دکھایا گیا، اور اس شاندار کارکردگی کے بعد ایشٹن اگر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پرتھ سکارچرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔ ایشٹن اگر نے 41 گیندوں پر 99 رنز کی شاندار ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، جس میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ آرون ہارڈی اور کوپر کونولی نے 28، 28 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعی سکور میں اہم کردار ادا کیا۔ سڈنی تھنڈر کی جانب سے ڈینئل سیمز نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ریس ٹاپلے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں سڈنی تھنڈر 17.3 اوورز میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ میتھیو گلکس نے 35 اور ڈیوڈ وارنر نے 25 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی، مگر یہ کافی نہ ہوا۔ پرتھ سکارچرز کی جانب سے جول پیرس، براڈی کاچ، آرون ہارڈی اور کوپر کونولی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔









