دبئی ایئر شو میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ تیجس کرتب دکھاتے ہوئے اچانک توازن کھو بیٹھا اور دھماکے کے ساتھ زمین پر جا گرا۔ عالمی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ طیارے کی صلاحیتوں کے ’’فائنل ڈسپلے‘‘ کے دوران پیش آیا، جہاں ہزاروں عالمی دفاعی ماہرین اور ایوی ایشن ایکسپرٹس موجود تھے۔ حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں طیارے میں سنگین تکنیکی خرابیوں کی نشاندہی کی گئی ہے، اور حیران کن طور پر یہی طیارہ خرابی کے باوجود شو میں اُڑایا گیا تھا۔
حادثے کے فوراً بعد ایئر شو کے مقام پر ایمرجنسی سائرن گونج اُٹھے، علاقہ سیل کر دیا گیا اور ریسکیو ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا۔ دنیا بھر سے آئے ماہرین نے اپنی آنکھوں سے بھارتی طیارے کو تباہ ہوتے دیکھا، جس نے بھارت کی دفاعی انڈسٹری پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔
بھارتی فضائیہ نے طیارے کے گر کر تباہ ہونے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف بھارت کے دفاعی دعووں کے لیے بڑا جھٹکا ہے بلکہ ’’میڈ اِن انڈیا‘‘ طیارے کی تکنیکی قابلیت پر بھی شکوک مزید گہرے ہو گئے ہیں۔
دبئی ایئر شو انتظامیہ نے کہا ہے کہ بھارتی طیارے کے حادثے کی تفصیلی بین الاقوامی انکوائری کی جائے گی۔ اسی سلسلے میں ایئر شو کے تمام فضائی مظاہرے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں، جب کہ حادثے کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کر کے شواہد محفوظ کیے جا رہے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق تکنیکی خرابی طیارے کے کنٹرول سسٹم میں تھی، تاہم حتمی رپورٹ انکوائری مکمل ہونے کے بعد جاری کی جائے گی۔









