تحریک انصاف یوم سیاہ

تحریک انصاف کا یومِ سیاہ کا اعلان، بے اختیار افراد سے مذاکرات بے سود ہیں، سہیل آفریدی

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے ایک سال مکمل ہونے پر 26 نومبر کو یومِ سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ پارٹی قیادت نے مرکزی احتجاج کے بجائے ضلع کی سطح پر مظاہروں کی ہدایت جاری کی ہے۔

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر کے مطابق ریجنل اور ضلعی تنظیمیں اپنے علاقوں میں احتجاج کریں گی، جبکہ ارکانِ اسمبلی شہداء کارکنوں کے گھروں کا دورہ کر کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کریں گے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے حیات آباد پشاور میں قرآن خوانی اور احتجاج کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ قیادت کا کہنا ہے کہ کارکنان ضلعی سطح پر پُرامن مظاہرے کریں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بے اختیار افراد سے مذاکرات بے سود ہیں، تمام جماعتوں کو یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے تو حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے لیے قرارداد منظور کی، چیف جسٹس کو خط لکھا اور ہائیکورٹ سے رجوع بھی کیا، مگر اب احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ وفاقی حکومت مسلسل دباؤ ڈال رہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن صرف پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے مگر وفاق کے پاس اس کا اختیار ہی نہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top