تربت میں اسلحہ سمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، بھاری کھیپ ضبط

کوئٹہ(سی این پی) تربت میں اسلحہ سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بڑا کریک ڈاؤن کیا ہے، جس کے دوران غیر قانونی اسلحے کی بھاری کھیپ ضبط کر لی گئی۔ بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں ایم 8 شاہراہ پر واقع سمی ناکے کے قریب مشتبہ پک اپ کو تلاشی کے لیے روکا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی جامع چیکنگ کے دوران اسلحہ سمگلنگ کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب ہوا۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق تلاشی کے دوران مشتبہ گاڑی سے 400 پستول اور 340 میگزین برآمد کر کے قبضے میں لے لیے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شخص کو گاڑی سمیت گرفتار بھی کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت احسن اللہ ولد میر باز خان، ساکن پشاور کے طور پر کی گئی ہے، جس سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضبط کیا گیا غیر قانونی اسلحہ ملک میں بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑے ممکنہ خطرے کو ناکام بنا دیا گیا۔ واضح رہے کہ ملکی امن و امان کے قیام اور شرپسند عناصر کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں اور اس طرح کی کارروائیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top