پشاور: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے خسرہ و روبیلا مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ تر جمان محکمہ صحت خیبرپختونخوا کے مطابق افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری ہیلتھ شاہد اللہ خان، معاونِ خصوصی برائے اطلاعات شفیع اللہ جان، سیکرٹری انفارمیشن بختیار خان، ڈی جی ہیلتھ شاہد یونس، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر خان، محکمہ صحت کے افسران، یونیسف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے شرکت کی۔یہ مہم صوبے بھر میں 17 سے 29 نومبر تک جاری رہے گی، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔
صوبے کا ہدف ہے کہ 64 لاکھ بچوں کو ویکسین لگا کر کم از کم 95 فیصد کوریج حاصل کی جائے۔مہم کے لیے مجموعی طور پر 6,509 ویکسینیشن ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 1,616 فکسڈ ٹیمیں، 4,678 آؤٹ ریچ ٹیمیں اور 215 موبائل ٹیمیں شامل ہیں۔ تمام تیاریاں، مائیکرو پلاننگ، پلان کی جانچ اور عملے کی تربیت مکمل ہو چکی ہے، جبکہ متعلقہ محکمے فیلڈ میں تعاون فراہم کر رہے ہیں۔وزیر صحت خلیق الرحمان نے کہا کہ محکمہ صحت میں کئی منصوبے جاری ہیں جن کا مقصد عوام کوصحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت محکمہ صحت کے ساتھ ہے اور ہر سطح پر تعاون فراہم کر رہی ہے۔
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ خسرہ و روبیلا مہم کو ہر ممکن حد تک کامیاب بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔








