دس روپیہ نوٹ

10 روپے کا نوٹ برقرار یا پھر سکہ؟ بڑے نوٹوں کا بھی جدید ڈیزائن

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان کی کرنسی میں ممکنہ بڑی تبدیلیوں کے حوالے سے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 10 روپے کے نوٹ کو برقرار رکھنے یا ختم کرنے کے معاملے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو 10 روپے کے نوٹ یا اس کی جگہ سکہ متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لے گی۔

ذرائع کے مطابق خصوصی کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ 10 روپے کے نوٹ کی تیاری پر آنے والی لاگت، اس کی پائیداری اور معاشی افادیت کا تفصیلی تجزیہ کرے۔ کمیٹی اس امر کا بھی جائزہ لے گی کہ آیا 10 روپے کا سکہ متعارف کروانا زیادہ سود مند اور دیرپا حل ثابت ہو سکتا ہے یا نہیں۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں وفاقی کابینہ حتمی فیصلہ کرے گی۔

ادھر حکومت پاکستان کرنسی نوٹوں کے لیے ایک بالکل نیا اور جدید ڈیزائن متعارف کروانے کی تیاری بھی کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق نئے نوٹوں میں پاکستان کے تاریخی ورثے، ثقافتی تنوع، قدرتی حسن اور سماجی ترقی کو نمایاں کیا جائے گا تاکہ قومی تشخص کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

جدید ترین سکیورٹی فیچرز و تھریڈز شامل

عالمی ماہرین کی مشاورت سے نئے کرنسی نوٹوں میں جدید ترین سیکیورٹی فیچرز اور سیکیورٹی تھریڈز شامل کیے جائیں گے، جس کا مقصد جعلی کرنسی کے خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 100، 500، 1000 اور 5000 روپے کے نئے نوٹوں کے ڈیزائن تیار کیے جا رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے کرنسی نوٹ آرٹ اور ٹیکنالوجی کا امتزاج ہوں گے جو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں گے اور پاکستانی قوم کے وقار میں اضافہ کریں گے۔ اس تمام عمل کی نگرانی خصوصی کمیٹی کرے گی تاکہ ہر نیا نوٹ پاکستان کی تاریخ اور جدید ترقی کی حقیقی عکاسی کر سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top