ممبئی : جنوبی بھارت کے سپر اسٹار پربھاس کی ہندی فلم دی راجا صاحب باکس آفس پر پہلے ہی ہفتے مایوس کن ثابت ہوئی ہے۔ ہارر کامیڈی فلم اپنے ابتدائی سات دنوں میں محض 18 کروڑ روپے نیٹ کما سکی، جو اس کے بڑے بجٹ کے مقابلے میں نہایت کم تصور کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق فلم بدھ کو صرف 1.25 کروڑ جبکہ جمعرات کو محض 75 لاکھ روپے ہی سمیٹ سکی۔
فلم کی کمزور کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جمعرات کو اس کی کمائی میں بدھ کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق دی راجا صاحب اب اپنے تھیٹرک اختتام کے قریب پہنچ چکی ہے اور نئے ریلیز ہونے والی فلموں کے باعث اس کی کمائی مزید سست ہونے کا امکان ہے۔ موجودہ رجحانات کے مطابق فلم بمشکل 22 کروڑ روپے تک ہی پہنچ پائے گی۔
پیپلز میڈیا فیکٹری کے بینر تلے بننے والی اس مہنگی فلم کو ابتدا ہی سے منفی ورڈ آف ماؤتھ کا سامنا رہا، جس نے پہلے دن ہی اس کے باکس آفس مستقبل پر سوالیہ نشان لگا دیا۔ یہ فلم پربھاس کے کیریئر کی Radhe Shyam کے بعد دوسری بڑی ناکامی قرار دی جا رہی ہے، جس کے باعث اداکار کی آئندہ فلموں پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
ادھر ہندی سینما کی ایک اور فلم تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری بھی باکس آفس پر بری طرح ناکام رہی ہے۔ کارتک آریان اور اننیا پانڈے کی اس رومانٹک کامیڈی نے عالمی سطح پر صرف 49 کروڑ روپے کمائے جبکہ پروڈیوسرز کو تقریباً 100 کروڑ روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرین کے مطابق پوسٹ کورونا دور میں رومانٹک کامیڈی صنف کی مقبولیت میں واضح کمی اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی جلد دستیابی بھی سینما بزنس کے زوال کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔








