راجہ خلیل الرحمان

سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے ، راجہ خلیل الرحمان

راولپنڈی : سرکاری تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل، والدین کا نجی سکولوں کی جانب بڑھتا رجحان اور اساتذہ کے تبادلوں جیسے اہم چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے یونین کونسل 24 کے سابق چیئرمین اور پنجاب ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کمیٹی کے ممبر راجہ خلیل الرحمان عباسی نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تعلیم کے معیار میں بہتری ان کی اولین ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سرکاری سکولوں میں سہولیات اور نظم و نسق بہتر بنا دیا جائے تو عوام کا اعتماد دوبارہ بحال کیا جا سکتا ہے۔

ایک انٹرویو میں راجہ خلیل الرحمان عباسی نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ ایک دیرینہ اور حساس مسئلہ رہا ہے، جس کے حل کیلئے اب ایک نیا، شفاف اور منظم میکنزم متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اساتذہ کے تبادلوں کیلئے آن لائن سسٹم نافذ کیا جا چکا ہے، جس سے سفارش اور غیر ضروری دباؤ کا خاتمہ ممکن ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اس نئے نظام کے تحت ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی سربراہی میں آٹھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو موصول ہونے والی تمام درخواستوں کا بغور جائزہ لے کر اساتذہ کے تبادلوں سے متعلق فیصلے کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں والدین کی بڑی تعداد نجی سکولوں کو ترجیح دے رہی ہے، تاہم ان کی بھرپور کوشش ہے کہ سرکاری سکولوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے اور وہاں طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے سرکاری سکولوں میں تعلیم حاصل کریں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top