راولپنڈی : بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ ترجمان تعلیمی بورڈ کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 23007 امیدواران نے داخلہ لیا جن میں سے 22865 امتحان میں شریک ہوئے۔ 7383 امیدوار کامیاب قرار پائے جبکہ 15427 ناکام رہے۔
یوں کامیابی کا مجموعی شرح 32.31 فیصد رہی۔ اس کے علاوہ 93 امیدوار غیر حاضر رہے اور 49 داخلہ فارم مختلف وجوہات کی بنا پر منسوخ کیے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق شریک امیدواران میں 14705 طلباء اور 8160 طالبات شامل تھیں جو امتحانی سرگرمیوں میں طلبہ و طالبات کی بڑھتی ہوئی دلچسپی اور بھرپور شرکت کی عکاسی کرتی ہے۔
تقریب کی صدارت کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے کی جبکہ سیکرٹری بورڈ امجد اقبال خٹک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر امتحانات نے سیکرٹری بورڈ امجد اقبال خٹک، تمام افسران اور اسٹاف کو امتحانات کے شفاف انعقاد اور بروقت نتائج کے اجرا پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ نتائج کی بروقت تیاری اور اجراء اس بات کا ثبوت ہے کہ راولپنڈی بورڈ شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھے ہوئے ہے جس کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔








