
راولپنڈی : ضلع راولپنڈی میں سال 2024 اور 2025 میں ریٹائرڈ ہونے والے مرد و خواتین ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کے اعزاز میں ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن راولپنڈی اور ایس ایس اے کی جانب سے ایک مقامی ہال میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شعبہ تعلیم سے سبکدوش ہونے والی شخصیات کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب میں ادارہ جاتی سطح پر ان کے کردار، محنت اور لگن کو بھرپور طور پر سراہا گیا
تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی طارق محمود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اساتذہ کے مقام و مرتبے پر روشنی ڈالی اور کہا کہ استاد وہ معمار ہے جو نئی نسل کی ذہنی و اخلاقی تربیت کر کے انہیں ملک کی ترقی و ذمہ داریوں کے قابل بناتا ہے۔ انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے اساتذہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز ڈاکٹر شہنشاہ بابر خان، ڈاکٹر ہاجرہ شاہین اور تابندہ انجم، ڈویژنل ڈائریکٹرز ڈاکٹر عبد الوحید اور انیلہ نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ریٹائرڈ ہیڈ ٹیچرز اور پرنسپلز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے تعلیمی سفر نے ہزاروں بچوں کی زندگیاں روشن کیں اور تعلیمی اداروں کو مثالی قیادت فراہم کی۔
تقریب کے آخر میں ریٹائرڈ ہونے والے ہیڈ ماسٹرز اور پرنسپلز کو ان کی طویل اور مثالی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ شرکا نے اس اقدام کو نہایت خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ایسی تقریبات اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور ان کے مقام کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہیں۔








