آئی بی ایس ایف ٹیم سنوکر ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کودو کے مقابلے میں تین فریمز سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
مسقط میں ہونے والے سنوکر ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو تین ۔ دو سے شکست دی۔ بیسٹ آف فائیو فریمز میں پاکستان کے اسجد اقبال اور محمد آصف پر مشتمل ٹیم نے نانسین وان اور چاو ہو مان پر مشتمل جوڑی کو شکست دی۔
پہلے سنگلز میں اسجد اقبال کو چاو ہو مان نے زیر کیا اور ہانگ کانگ کو برتری دلائی لیکن دوسرے سنگلز میں محمد آصف نے 82 کا بریک کھیلتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔
ڈبلز میں ہانگ کانگ کی جوڑی کامیاب رہی اور تین ۔ دو کی برتری حاصل کرلی۔ ریورس سنگل میں پہلے محمد آصف نے 100 کا بریک کھیل کر چاو ہو مان کو اور پھر اسجد اقبال نے 104 کا بریک کھیل کر نانسین وان کو مات دی اور پاکستان کو تین۔دو کی کامیابی دلائی۔
یہ محمد آصف کے کیرئیر کا مجموعی طور پر ساتواں ورلڈ ٹائٹل ہے جس میں تین ٹیم ٹائٹل، تین انفرادی ورلڈ ٹائٹلز اور ایک ورلڈ ماسٹرز کا ٹائٹل شامل ہے۔









