پنجاب میں شدید سردی، اسکولوں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع

پنجاب میں شدید سردی، سکولوں کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع

لاہور: شدید سرد موسم کے پیشِ نظر پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تعطیلات میں توسیع کا اعلان سوشل میڈیا پر عوامی رائے شماری کے بعد کیا۔ فیصلے کے مطابق اب پنجاب بھر کے اسکولز اور کالجز 12 جنوری کے بجائے 19 جنوری کو کھلیں گے۔

وزیر تعلیم کے مطابق سوشل میڈیا پول میں عوامی ردعمل واضح طور پر تعطیلات میں توسیع کے حق میں آیا۔ تقریباً 87 فیصد افراد نے تعطیلات بڑھانے کی حمایت کی، جبکہ 13 فیصد نے تعلیمی ادارے 12 جنوری کو کھولنے کے حق میں ووٹ دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ایک لاکھ 54 ہزار 178 ووٹ 19 جنوری کے حق میں، جبکہ 24 ہزار 829 ووٹ 12 جنوری کے حق میں ڈالے گئے۔ رانا سکندر حیات نے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) کو ہدایت کی ہے کہ تعطیلات میں توسیع کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

نجی سکولوں کا اختلاف

دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن نے تعطیلات میں توسیع کو مسترد کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ طلبہ پہلے ہی تعلیمی نقصان کا شکار ہو چکے ہیں، اس لیے نجی اسکول پیر 12 جنوری کو ہی کھول دیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل صوبائی حکومت نے تعطیلات میں توسیع کی تردید کرتے ہوئے تعلیمی ادارے 12 جنوری کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ سوشل میڈیا پر افواہوں کے بعد وزیر تعلیم نے ان خبروں کو “غلط اور گمراہ کن” قرار دیا تھا، تاہم بعد ازاں عوامی دباؤ کے باعث فیصلہ تبدیل کیا گیا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top