میلان میں بھارتی قونصل خانے کے باہر سکھ تنظیم کا احتجاج

سکھ تنظیم عالمی احتجاج کے سلسلے میں یورپ کے مختلف شہروں کے بعد اٹلی کے شہر میلان میں بھی بھارتی قونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جہاں مظاہرین نے بیرونِ ملک سکھ رہنماؤں کے قتل پر عالمی برادری سے توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

یہ احتجاج میلان میں سکھ تنظیم سکھس فار جسٹس کی جانب سے جاری عالمی احتجاجی مہم کا حصہ ہے، جس کے تحت دنیا بھر میں بھارتی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے سامنے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس احتجاج کا مقصد عثمان ہادی اور ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے واقعات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ واقعات بھارت میں مبینہ ٹارگٹ کلنگ پالیسی سے جڑے ہوئے ہیں، جس پر عالمی برادری کی توجہ ضروری ہے۔

احتجاج میں شریک افراد نے الزام عائد کیا کہ یہ قتل بھارتی حکومت، خصوصاً وزیرِ اعظم نریندر مودی کے دورِ حکومت میں ہونے والی کارروائیوں کا تسلسل ہیں، جن کا دائرہ اب بھارت سے باہر تک پھیل چکا ہے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ عثمان ہادی اور ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی ذمہ داری براہِ راست بھارتی ریاست پر عائد ہوتی ہے اور بھارت بیرونِ ملک ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔ مظاہرین نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں، اقوامِ متحدہ اور یورپی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ان واقعات کا نوٹس لیں اور بھارت سے جواب طلبی کریں، تاکہ بیرونِ ملک سیاسی کارکنوں اور اقلیتوں کو مؤثر تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top