لاہور (سی این پی) — وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بصارت سے محروم افراد کی زندگیوں کو علم سے منور کرنے والے افراد واقعی قابل تحسین ہیں۔ بریل کے عالمی دن کے موقع پر جاری پیغام میں وزیراعلیٰ نے بریل کے موجد لوئس بریل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ “بریل” بصارت سے محروم افراد کے لیے علم اور امید کی کرن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات بصارت سے محروم افراد کو خودمختاری اور اعتماد فراہم کرتے ہیں، اور علم کے حصول میں ان کے راستے کو روشن کرتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں سپیشل افراد کے لیے سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیے جا رہے ہیں جہاں بے بصارت افراد کے لیے بریل ریڈنگ سسٹم مہیا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سینٹرز بصارت سے محروم افراد کو تعلیم اور ہنر میں برابر کے مواقع فراہم کرتے ہیں، تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔
مریم نواز شریف نے سینٹر آف ایکسیلنس سپیشل ایجوکیشن میں بے بصارت افراد کو بریل پر پڑھتے دیکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ دیکھ کر یقین ہوتا ہے کہ بصارت سے محروم افراد بھی سپیشل صلاحیتوں کے مالک ہیں اور علم کے ذریعے معاشرتی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر اساتذہ اور تربیت کاروں کی کوششوں کو بھی سراہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینٹر آف ایکسیلنس سپیشل مراکز میں بریل نظام کتابت کے ذریعے درس و تدریس کا پورا نظام متحرک ہے اور اس سے بصارت سے محروم افراد کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد مل رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ حکومت ایسے اقدامات کو مستقبل میں مزید مضبوط کرے گی تاکہ معذور افراد کو تعلیم اور ترقی کے برابر مواقع مل سکیں۔









