اسلام آباد (وسیم اشرف عباسی) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شاہین چوک انڈر پاس منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا، جو آج بروز بدھ عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جائے گا، جبکہ نئے سال کے موقع پر اس منصوبے کے افتتاح پر خصوصی آتش بازی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تمام ترقیاتی کام 63 یوم میں مکمل کیے گئے اور اطراف میں خوبصورت لینڈ اسکیپنگ، ماحول دوست شجرکاری اور مستقل بنیادوں پر جاذب نظر لائٹس نصب کی گئی ہیں۔
سی ڈی اے کے مطابق تعمیراتی سرگرمیاں 24/7 جاری رہیں، جس سے منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔ منصوبے میں شاہین چوک سے ملحقہ تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو خصوصی طور پر شجرکاری مہم میں شامل کیا گیا، تاکہ مقامی کمیونٹی کی شمولیت بھی یقینی بنائی جا سکے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے منصوبے سے متعلقہ تمام ٹیم کو شاباش دی اور ان کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ نئے سال کے آغاز پر اس انڈر پاس کی مکمل افتتاحی تقریب اور آتش بازی عوام کے لیے ایک اہم اور خوش آئند لمحہ ثابت ہوگی، جبکہ منصوبے کی تکمیل شہر کی بنیادی ڈھانچے میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے۔









