اسلام آباد۔ پاکستان کی اسلامی مالیاتی تاریخ میں 2025 میں ایک سنہرا باب رقم ہوا جب حکومتِ پاکستان نے 2 کھرب روپے سے زائد مالیت کے 61 سکوک جاری کر کے عالمی مالیاتی میدان میں نیا سنگِ میل عبور کیا۔ اس تاریخی اقدام میں پاکستان کا پہلا گرین سکوک بھی شامل تھا، جس پر سرمایہ کاروں کی دلچسپی شاندار رہی اور یہ 5.4 گنا سے زائد سبسکرائب ہوا۔ ان سکوک کے لیے پاکستان ریلوے، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، ایئرپورٹس اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اہم اثاثے بنیاد کے طور پر شامل کیے گئے۔
2025 میں جاری سکوک میں ایک، تین، پانچ اور دس سالہ دورانیے کے لیے فکسڈ اور ویری ایبل ریٹ ریٹرنز پیش کیے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق 2019 سے 2025 تک سکوک کے مجموعی اجرا کا حجم 8.7 کھرب روپے تک پہنچ گیا ہے، جس سے پاکستان کی اقتصادی بصیرت، شریعت کے مطابق سرمایہ کاری میں بڑھتی دلچسپی اور عالمی مالیاتی مارکیٹ میں استحکام واضح ہوتا ہے۔
سکوک کے اصلاحاتی اقدامات اور مضبوط میکرو اکنامک بنیادوں نے پاکستان کے اسلامی مالیاتی اور سرمایہ کاری شعبے کو مستحکم کیا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مربوط حکمتِ عملی نے ملک کے اسلامی مالیاتی شعبے کو عالمی سطح پر مضبوط مقام دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد اور تاریخی کامیابیاں پاکستان کے اقتصادی استحکام اور دیرپا ترقی کی جانب رہنمائی کر رہی ہیں۔









