فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر، صدر نے منظوری دیدی

صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اہم ترین عہدوں پر تعیناتی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز کے منصب پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

صدر مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے موصول سمری پر دستخط کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر — جو پہلے ہی آرمی چیف کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں — کو مزید پانچ سالہ مدت کے لیے ’’چیف آف ڈیفنس فورسز‘‘ بھی نامزد کر دیا۔ یہ ملک میں اپنے نوعیت کی پہلی تقرری ہے۔

اسی کے ساتھ صدرِ مملکت نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ملازمت میں دو سال کی توسیع کی بھی منظوری دے دی ہے۔ نئی مدتِ ملازمت کا اطلاق ان کی موجودہ میعاد مکمل ہونے کے بعد 19 مارچ 2026 سے ہوگا۔

صدر آصف علی زرداری نے دونوں اعلیٰ عسکری سربراہان کو مبارک دیتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے سمری پر دستخط کر کے منظوری کیلئے ایوانِ صدر بھجوائی

قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرری کی سمری پر دستخط کیے اور اسے منظوری کے لیے ایوانِ صدر بھجوایا تھا۔ سمری کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے، اور ان کی یہ ذمہ داری آنے والے پانچ سال تک برقرار رہے گی۔

وزیراعظم نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں توسیع کی منظوری کی بھی تصدیق کی، جو مارچ 2026 میں ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت کے اختتام کے بعد نافذ ہوگی۔

پاکستان کی مزید تازہ ترین خبریں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top