اسلام آباد : قومی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ سموگ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔ ملک بھر میں صحت کے شعبوں، اتھارٹیز اور ماہرین کو سموگ کے حوالے سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت۔قومی ادارہ صحت نے سموگ سے بچاؤ اوراحتیاطی اقدامات کے حوالے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ سرد موسم میں سموگ (فضائی آلودگی ) رواں ماہ سے فروری تک انسانی صحت کو شدید متاثر کرسکتی ہے، فضا میں زہریلے مادے اور سردی مل کر نمونیا کی بیماری پھیلانے کا سبب بنے گی۔ سموگ سے صحت، معیشت اور معیار زندگی شدید متاثر ہو گا، سموگ سے ماحولیاتی آلودگی، سانس اور دل کی بیماریوں سمیت کئی طرح کے بحران کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ فضائی آلودگی سے بچوں، معمر اور پہلے سے بیمار افراد کو زیادہ خطرہ ہے۔
ایڈوائزی میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے شہر لاہور، ملتان،گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کو سموگ کے زیادہ خطرات ہیں، بالخصوص لاہور میں فضائی آلودگی سب سے زیادہ ہے جہاں شہریوں کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ملک بھر میں صحت کے شعبے، اتھارٹیز اور ماہرین سموگ کے حوالے سے ضروری اقدامات کریں، بچوں کو زیادہ دیر باہر رہنے سے اجتناب برتنا چاہیے، مثاثرہ علاقوں میں بڑے اور بچے فیس ماسک کا استعمال کریں۔









