لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسانیت کو شرمندہ کر دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دو سگی بہنوں کو مبینہ طور پر پانچ افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے، چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
یہ واقعہ لاہور کے علاقے سندر میں پیش آیا، جہاں پانچ ملزمان نے مبینہ طور پر دو بہنوں کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکیوں کی والدہ کی مدعیت میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے، جس میں قاسم، عمیر جٹ، علی اکبر وٹو، ضیاء الرحمن اور احمد رضا کو نامزد کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک نامزد ملزم تاحال فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گرفتار ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں کو فوری طور پر میڈیکل معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے ضروری ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ میڈیکل رپورٹ موصول ہونے کے بعد مقدمے میں مزید قانونی پیش رفت کی جائے گی اور شواہد کی روشنی میں کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔









