لیورپول : لیورپول فٹبال کلب نے چیمپئنز لیگ کے اہم میچ سے قبل محمد صلاح کی فوری واپسی پر غور شروع کر دیا ہے۔ کلب انتظامیہ اور ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ کے درمیان صلاح کی اگلے ہفتے مارسیلے کے خلاف چیمپئنز لیگ میچ میں شمولیت پر بات چیت جاری ہے۔ محمد صلاح افریقہ کپ آف نیشنز میں مصر کی مہم مکمل ہونے کے بعد ہفتے کو لیورپول واپس لوٹیں گے۔
مصر کو سیمی فائنل میں سینیگال کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اب مصر اور نائجیریا کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ کاسابلانکا میں کھیلا جائے گا۔ اس دوران محمد صلاح کا مستقبل خبروں کی زینت بنا رہا، جہاں انہوں نے ناقص نتائج کے بعد کلب کی جانب سے خود کو “تنہا چھوڑ دیے جانے” کا شکوہ کیا اور کوچ آرنے سلاٹ کے ساتھ تعلقات میں سرد مہری کا عندیہ بھی دیا تھا۔
آرنے سلاٹ کے مطابق ٹیم کو اس وقت اٹیک میں محدود آپشنز کا سامنا ہے، خاص طور پر الیگزینڈر اساک کے زخمی ہونے کے بعد دائیں جانب مسائل بڑھ گئے ہیں۔ کوچ نے تصدیق کی کہ محمد صلاح کی واپسی پر بات چیت ہو رہی ہے اور امید ہے کہ وہ بدھ کو فرانس میں ہونے والے میچ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ سلاٹ کا کہنا تھا کہ صلاح اس کلب کیلئے نہایت اہم کھلاڑی ہیں اور ان کی واپسی خوش آئند ہے۔
ہیڈ کوچ آرنے سلاٹ نے صلاح کے ساتھ اختلافات کے سوال پر محتاط ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان ہونے والی نجی بات چیت کو عوامی کرنا مناسب نہیں۔ واضح رہے کہ صلاح کو ویسٹ ہیم کے خلاف میچ میں ڈراپ کیے جانے کے بعد لیورپول اب تک 11 میچز میں ناقابلِ شکست رہا ہے، تاہم چیمپئنز لیگ جیسے بڑے مقابلے میں صلاح کی واپسی فیصلہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔







