پاکستانی فیشن انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی ماڈل اور ٹک ٹاکر رومیسا سعید ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ہسپتال میں انتقال کرگئیں۔ رپورٹس کے مطابق رومیسا چند روز قبل فیصل آباد کے قریب ایک ٹریفک حادثے کا شکار ہوئیں۔ حادثے میں انہیں شدید چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ کئی دن تک زیرِ علاج رہیں۔ تاہم 17 اکتوبر کو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں۔
شوبز اور فیشن سے وابستہ شخصیات نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یاد رہے کہ رومیسا کا شمار ان ماڈلز میں ہوتا تھا جو فیشن اور سوشل میڈیا دونوں میدانوں میں تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی تھیں۔ وہ نہ صرف فیشن شوز میں اپنی دلکش شخصیت کے باعث نمایاں رہیں بلکہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر بھی ہزاروں مداحوں کی توجہ کا مرکز تھیں۔








