رباط : براہیم دیاز کی شاندار فارم برقرار رہی اور اسماعیل صیباری کے گول کی بدولت مراکش نے افریقہ کپ آف نیشنز کے کوارٹر فائنل میں کیمرون کو 0-2 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
ریئل میڈرڈ کے ونگر براہیم دیاز نے 26ویں منٹ میں ایوب الکعبی کے ہیڈر پر فیصلہ کن ٹچ دے کر اسٹیڈیم میں موجود 64 ہزار سے زائد شائقین کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کر دیا۔ یہ رواں ٹورنامنٹ میں دیاز کا پانچواں گول تھا۔
دوسرے ہاف میں اسماعیل صیباری نے ایک اور گول داغ کر مراکش کی برتری مضبوط کر دی۔ میزبان ٹیم کی جیت مکمل طور پر جائز رہی اور اب وہ ہفتے کو الجیریا اور نائیجیریا کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے سیمی فائنل میں مقابلہ کرے گی۔
مراکش 22 سال بعد افکان سیمی فائنل میں
مراکش کے ہیڈ کوچ ولید ریگراگی نے فتح کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 22 سال بعد قوم کو یہ خوشی نصیب ہوئی ہے، تاہم ٹیم کو زمین سے جڑے رہنے کی ضرورت ہے تاکہ اس کامیابی کو مزید یادگار بنایا جا سکے۔
انہوں نے براہیم دیاز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیم کے لیے ایکس فیکٹر ثابت ہوئے اور ان کی جدوجہد نے پوری ٹیم کو پیغام دیا۔
پانچ مرتبہ افریقی چیمپئن رہنے والی کیمرون کی ٹیم زیادہ خطرناک ثابت نہ ہو سکی، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے فارورڈ برائن ایمبیومو بھی کوئی خاص اثر نہ چھوڑ سکے۔
مراکش، جو افریقہ کی ٹاپ رینک ٹیم اور 2022 ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ ہے، اپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹائٹل جیتنے کے دباؤ میں ہے، تاہم اب وہ 2004 کے بعد پہلی بار افکان کے سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو چکی ہے۔









