اسمارٹ فونز نے انسانی زندگی کو آسان تو بنا دیا ہے مگر روزمرہ کے بار بار دہرائے جانے والے کام اب بھی صارفین کیلئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔ وائی فائی آن آف کرنا، میٹنگ کے دوران فون سائلنٹ کرنا، مخصوص وقت پر الارم یا ایپس چلانا جیسے معمولی کام وقت اور توجہ دونوں ضائع کرتے ہیں۔ اسی ضرورت کے پیش نظر اینڈرائیڈ صارفین میں آٹومیشن ایپس تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں جو فون کو ایک اسمارٹ اسسٹنٹ میں تبدیل کر دیتی ہیں اور روزمرہ روٹین کو خودکار انداز میں سنبھالتی ہیں۔
aProfiles اُن صارفین کیلئے ایک مؤثر آٹومیشن ایپ ہے جو بغیر کوڈنگ کے موبائل کو خودکار بنانا چاہتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے ہفتے کے مختلف دنوں کیلئے الگ الارم، گھر سے نکلتے ہی وائی فائی بند اور موبائل ڈیٹا آن کرنا، یا وائرلیس ایئر بڈز کنیکٹ ہوتے ہی میوزک پلی لسٹ چلانا ممکن ہے۔ سادہ انٹرفیس اور پہلے سے موجود ٹیمپلیٹس کی بدولت نئے صارفین بھی آسانی سے اپنی ضرورت کے مطابق آٹومیشن ترتیب دے سکتے ہیں۔
MacroDroid اُن صارفین میں مقبول ہے جو نسبتاً ایڈوانس آٹومیشن چاہتے ہیں مگر پیچیدہ ڈیزائن سے بچنا چاہتے ہیں۔ اس ایپ میں ہر کام ایک ٹرگر، ایکشن اور کنڈیشن پر مبنی ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر مخصوص وقت، اشارے یا سینسر کے ذریعے کوئی عمل شروع ہو سکتا ہے جبکہ بیٹری لیول یا دن کے حساب سے اس پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے، جو اسے انتہائی لچکدار بناتا ہے۔
IFTTT اُن صارفین کیلئے مفید ثابت ہوتی ہے جو سوشل میڈیا، ای میل، آر ایس ایس فیڈز اور اسمارٹ ڈیوائسز کو آپس میں جوڑنا چاہتے ہیں۔ اس ایپ کے ذریعے سوشل میڈیا پوسٹس خودکار طور پر گوگل ڈرائیو میں محفوظ ہو سکتی ہیں، مخصوص ای میل پر فوری نوٹیفکیشن مل سکتا ہے اور اسمارٹ ہوم ڈیوائسز کو بھی ایک ہی پلیٹ فارم سے کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
مفت متبادل اور ڈیجیٹل آگاہی
ماہرین کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین اکثر غیر ضروری سبسکرپشنز پر رقم خرچ کرتے ہیں، حالانکہ بہت سی مہنگی ایپس کے مفت متبادل دستیاب ہیں جو روزمرہ استعمال میں مؤثر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ درست آٹومیشن ایپس کے انتخاب سے نہ صرف پیسے کی بچت ممکن ہے بلکہ موبائل کا استعمال بھی زیادہ منظم اور آسان بنایا جا سکتا ہے۔









