منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلر

وزیر داخلہ کا منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائی کا حکم

(کراچی: سی این پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منی لانڈرنگ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کراچی زون کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بڑے منی لانڈرز اور حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے اور کسی کو رعایت نہ دی جائے۔

انہوں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف سخت ایکشن لینے کی بھی ہدایت دی۔ معصوم افراد کو ملازمت کے جھانسے میں بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر بھی انسانی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

محسن نقوی نے ایف آئی اے میں انسانی وسائل کی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے، افسران کو تمام ضروری وسائل فراہم کرنے اور ادارے کی کارکردگی میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے انچارج افسران سے متعلقہ سرکلز کی رپورٹ طلب کی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تاکید کی۔

ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نے بتایا کہ گزشتہ چار ماہ میں انسانی سمگلنگ میں ملوث 20 ایجنٹس گرفتار کیے گئے ہیں، جبکہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر سہولت سنٹر قائم کر دیا گیا ہے۔ یہ اقدام شہریوں کے تحفظ اور قانونی کارروائی کی شفافیت کے لیے اہم قدم ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top