ملک میں موسم سرما کی شدت برقرار ہے اور درجہ حرارت میں مزید کمی کے ساتھ مختلف علاقوں میں موسم کے مختلف رنگ دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کہیں سرد اور خشک موسم ہے تو کہیں بارش، ہلکی برفباری اور دھند نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جس پر محکمہ موسمیات نے تازہ پیش گوئی جاری کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہے گا جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں رات کے اوقات میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور بعض مقامات پر شدید سرد موسم رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمال مغربی بلوچستان کے چند علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ ان علاقوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی آنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات کے دوران سموگ اور دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ بعض مقامات پر دھند شدید ہو سکتی ہے جس سے حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہا
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت زیادہ محسوس کی گئی۔ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی اضلاع میں سموگ اور رات و صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا کے علاقوں چترال اور کالام میں ریکارڈ کی گئی، جہاں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
ملک کے مختلف شہروں میں آج ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت کچھ اس طرح رہا: اسلام آباد 6، لاہور 9، کراچی 14، پشاور 6، کوئٹہ 5، ملتان 10، گلگت 1، سکردو منفی 3، مظفرآباد 6 اور سری نگر میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بھارتی دارالحکومت دہلی پہلے نمبر پر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 407 ریکارڈ کیا گیا۔ کویت سٹی 199 کے ساتھ دوسرے جبکہ کراچی 191 ایئر کوالٹی انڈیکس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔









