مہنگی بجلی

مہنگی بجلی سے نجات؟ حکومت کا نیا ریلیف فارمولا سامنے آ گیا

اسلام آباد (سی این پی) مہنگی بجلی کے ستائے صارفین کیلئے ایک اور بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، جہاں شہباز شریف حکومت نے آئی ایم ایف فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا قابلِ عمل منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ کیپٹو پاور پلانٹس پر عائد لیوی سے حاصل ہونے والی رقم براہِ راست بجلی صارفین کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس سے آئندہ مہینوں میں ٹیرف میں نمایاں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو مستقل بنیادوں پر ریلیف دینے کیلئے کیپٹو پاور لیوی کو مؤثر ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرط پر نافذ کی گئی اس لیوی سے حاصل ہونے والی رقم کو ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے نرخ کم کرنے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے کیپٹو پاور لیوی کا فائدہ بجلی صارفین تک منتقل کرنے کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے، جبکہ ماہانہ جمع ہونے والی لیوی کا ریلیف ہر دو ماہ بعد صارفین کو دینے کا پلان تیار کیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت نے کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصد تک لیوی عائد کرنے کا قانون نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت فوری طور پر 5 فیصد لیوی لاگو کر دی گئی ہے۔

کیپٹو پاور لیوی کا مرحلہ وار شیڈول

    فوری نفاذ: 5 فیصد لیوی، دوسرے مرحلے میں: 10 فیصد، فروری 2026: 15 فیصد ، اگست 2026: 20 فیصد لیوی ۔ حکومتی ذرائع کے مطابق لیوی کی شرح بڑھنے کے ساتھ بجلی صارفین کو ملنے والے ریلیف میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

    لیوی سے حاصل ہونے والی رقم پاور سیکٹر کی تمام کیٹیگریز کے صارفین کیلئے بجلی کے ٹیرف میں کمی کیلئے استعمال کی جائے گی۔ ہر کیپٹو پاور پلانٹ گیس یا ایل این جی کے استعمال پر وفاقی حکومت کو لیوی ادا کرنے کا پابند ہوگا۔

    حکومت نے واضح کیا ہے کہ کیپٹو پاور لیوی کی عدم ادائیگی پر متعلقہ پلانٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ مستقل ڈیفالٹ کی صورت میں کیپٹو پاور پلانٹس کو گیس کی فراہمی منقطع کر دی جائے گی۔

    Leave a Comment

    Your email address will not be published. Required fields are marked *

    Scroll to Top