چیلنجوں سے بھرے اس دور میں نوجوانوں کو حوصلہ دینے اور ناکامی کو کامیابی کا راستہ سمجھنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اسی پیغام کو اُجاگر کرتے ہوئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبۂ تاریخ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالباسط مجاہد نے نونہال اسمبلی کے ماہانہ اجلاس سے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی گناہ ہے، اور اللہ کی رحمت سے کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ انسان کو مشکلات اور آزمائشوں سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم نے بھی ہندوؤں کی سازشوں سے مایوس ہونے کے بجائے حوصلے، محنت اور عزم سے پاکستان حاصل کیا، اور یہی ملک ہم سب کے لیے اللہ تعالیٰ کا عظیم انعام ہے۔ آج اس ملک کی ذمہ داری نونہالوں کے کندھوں پر ہے، بالکل اسی طرح جیسے شہید حکیم محمد سعید نے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے نونہال اسمبلی قائم کی۔
اجلاس کا موضوع ناکامی افتاد نہیں، استاد ہے تھا۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور موضوع کے مطابق اردو اور انگریزی میں تقاریر پیش کیں۔
ہمدرد فاؤنڈیشن کی قومی صدر، سعدیہ راشد نے اپنے پیغام میں کہا کہ ناکامی کا لفظ بظاہر دل کو اداس کرتا ہے، مگر یہی لفظ باہمت لوگوں کا بہترین استاد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ناکامی سے ڈرنے کے بجائے اس سے سیکھ کر آگے بڑھنا چاہیے، کیونکہ اللہ تعالیٰ محنت اور لگن کا صلہ ضرور عطا کرتا ہے۔
آخر میں مہمان مقرر نے رکنِ شوریٰ نعیم اکرم قریشی اور ہمدرد نونہال اسمبلی کے منتظمین حیات محمد بھٹی، سید کاشف امام اور امان اللہ نیازی کے ہمراہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔





