واشنگٹن (سی این پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شکاگو، لاس اینجلس اور پورٹ لینڈ سے نیشنل گارڈ کو واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ نیشنل گارڈز کی تعیناتی سے ان شہروں میں جرائم کی شرح میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر مستقبل میں جرائم میں دوبارہ اضافہ ہوا تو ان شہروں میں وفاقی فورسز کو ایک بار پھر تعینات کیا جائے گا، اور اس بار فورسز کی واپسی پہلے سے زیادہ سخت اور مضبوط انداز میں ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب کیلیفورنیا کے گورنر نے کہا ہے کہ ریاست میں وفاقی فورسز کی موجودگی کی کوئی ضرورت نہیں تھی اور صدر ٹرمپ اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہے تھے۔ گورنر کے مطابق ریاستی ادارے خود امن و امان کی صورتحال سنبھالنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے نیشنل گارڈز کی تعیناتی کا اعلان گزشتہ سال جون میں کیا تھا، تاہم یہ فیصلہ متعدد قانونی چیلنجز کا شکار رہا اور اس پر سیاسی سطح پر بھی شدید تنقید کی گئی۔








