وفاقی آئینی عدالت میں سماعتوں کا آغاز، دو نئے ججز نے بھی حلف اٹھا لیا

اسلام آباد : وفاقی آئینی عدالت میں آج سے مقدمات کی باقاعدہ سماعت شروع ہوگئی ہے، جس کے لیے چیف جسٹس امین الدین خان نے تین بینچ تشکیل دیے ہیں، جبکہ عدالت کے دو نئے ججز نے بھی اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

بینچ نمبر 1 چیف جسٹس امین الدین خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس ارشد حسین پر مشتمل ہے۔ بینچ نمبر 2 میں جسٹس حسن رضوی اور جسٹس کے کے آغا شامل ہیں، جبکہ بینچ نمبر 3 کی سربراہی جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان بریچ کریں گے۔ دوسری جانب جسٹس روزی خان اور جسٹس ارشد حسین شاہ نے بھی وفاقی آئینی عدالت کے جج کے طور پر حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس امین الدین خان نے نئے ججز سے حلف لیا۔ اس طرح آئینی عدالت کے تقریباً تمام ججز اپنے عہدوں کا حلف لے چکے ہیں۔ آئینی عدالت کے اسلام آباد ہائی کورٹ بلڈنگ منتقل ہونے کے بعد عدالتوں کی از سرِ نو ترتیب کا عمل بھی جاری ہے۔

چیف جسٹس امین الدین خان کورٹ روم ٹو میں بیٹھیں گے جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر بدستور کورٹ ون میں ہی سماعت کریں گے۔ دیگر ججز کے کورٹ رومز بھی نئی جگہوں پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔ عدالتی کمروں کی منتقلی کے باعث جسٹس محمد آصف اور جسٹس خادم حسین سومرو کی آج کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی تھی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top