اسلام آباد (سی این پی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان ضرور کامیاب ہوگا اور اس ناسور کا مکمل خاتمہ کر کے ہی دم لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور سیکیورٹی ادارے متحد ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملکی سلامتی، معیشت اور ترقیاتی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی کے بعد پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے، متعدد ممالک لڑاکا طیاروں کی خریداری کیلئے رابطے کر رہے ہیں، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے معاشی میدان میں کم وقت میں نمایاں پیش رفت کی ہے، ملک میں معاشی استحکام واپس آ چکا ہے اور اب حکومت ترقی کے سفر کو تیز تر کرے گی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آسان خدمت مرکز کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد عوام کو سرکاری سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کرنا ہے۔








