وفاق نےکراچی  کے مسائل کے حل کے لیے کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا، میئر مرتضیٰ وہاب

 کراچی : میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وفاق نے شہر کے مسائل کے حل کے لیے کوئی بڑا فیصلہ نہیں کیا جبکہ یہ شہر ملک کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے شہر کے مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کے بجائے غیر متعلقہ افراد کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں، شہر میں مقامی حکومت سے کام کروائے جائیں،   میں وزیر اعظم سے مدد نہیں مانگوں گا تو پھر کس سے مانگوں گا۔پنجاب میں موٹروے بن گئیں لیکن کراچی آج بھی محروم ہے ،عوام کو سیاسی بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات اور ریلیف کی ضرورت ہے ، سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز (کے آئی ایچ ڈی) میں نئی کیتھ لیب کا افتتاح کر نے کے بعد میڈیا   سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں     نے   کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بلدیہ عظمیٰ کراچی سنبھالنے کے بعد سے دل کے ہسپتال کو بہتر بنانے کی سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں، ماضی میں یہ ادارہ بند تھا اور شہریوں کو علاج کے لیے این آئی سی وی ڈی جانا پڑتا تھا، گزشتہ ایک سال میں تین ہزار سے زائد مریضوں کی دل کی سرجری کی جا چکی ہے جبکہ 240 انجیوپلاسٹیز انجام دی گئی ہیں، مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگلے دو ماہ میں کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں فری لیبارٹری کا آغاز کیا جائے گا، جہاں لاکھوں روپے کے ٹیسٹ عوام کے لیے بالکل مفت ہوں گے ، اس مقصد کے لیے مشینری پاکستان پہنچ چکی ہے اور جلد عوام کو یہ سہولت میسر ہو گی، انہوں نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی کے امراض قلب سینٹر کو بھی بحال کیا جا رہا ہے جبکہ عباسی شہید ہسپتال میں نیا بلاک کھولنے کی تیاری مکمل ہے جو ایک سے دو ماہ میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، میئر کراچی نے کہا کہ ماضی میں مختلف رکاوٹوں کے باعث ہسپتالوں کو فعال نہیں کیا جاسکا، اسپینسر آئی ہسپتال کی بحالی کے بعد 200 آنکھوں کے آپریشن کیے گئے جبکہ نارتھ کراچی چلڈرن ہسپتال کے معاہدے کی معیاد ختم ہو چکی ہے ، جسے سندھ حکومت خود چلانے کا ارادہ رکھتی ہے ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top